دنیا میں عمومی طور پر انسان کو مخصوص عمر تک پہنچنے پر کام کاج سے سبکدوش کردیا جاتا ہے یا وہ باس ہو تو خود ریٹائرمنٹ کی پرسکون و آرام دہ زندگی گزارنے کو ترجیح دیتا ہے۔ تاہم، زندگی کے ہر شعبے میں ہمیں ایسے لوگ بھی مل جائیں گے جن میں بدستور مصروف رہنے کی جستجو بڑھتی عمر کے ساتھ کم نہیں ہوتی اور وہ آخری حد تک صحت مند رہنے کی دعا اور کوششوں کے ساتھ اپنے اچھے برے کرم کئے جاتے ہیں۔ یہ تمہید مجھے گزشتہ روز (دوشنبہ 19 اگست) کو تب ذہن میں آئی جب معلوم ہوا کہ انڈین ٹی وی کے مشہور کوئز شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ یا کے بی سی کا ایک اور سیزن لے کر مثالی فلمی شخصیت امیتابھ بچن نمودار ہوچکے ہیں۔
امیتابھ بچن کو بالخصوص بالی ووڈ انڈسٹری میں ’بگ بی‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ مجھے کامل یقین ہے کہ کوئی انسان ایسا نہیں جس سے کوئی لغزش یا گناہ نہیں ہوا، یا جس میں صرف خوبیاں ہوں اور خرابیاں بالکل نہ ہوں۔ جس کسی انسان میں خوبیوں کا پلڑا بھاری ہو وہ بلاشبہ تعریف و ستائش اور کسی نہ کسی اعتبار سے آئیڈیل بنائے جانے کا مستحق ہے۔ میرے خیال میں امیتابھ بچن اسی فہرست میں سے ہیں جس میں یوسف خان (دلیپ کمار)، راجکپور، لتامنگیشکر، سنیل دت، نرگس، کشور کمار، آشا بھونسلے، یش چوپڑہ، قادر خان، عامر خان، شاہ رخ خان کی بھی مستحقہ طورپر جگہ بنتی ہے۔
برٹش انڈیا میں یونائیٹیڈ پراونسیس کے شہر الہ آباد (موجودہ پریاگ راج، اتر پردیش، انڈیا) میں 11 اکٹوبر 1942 کو پیدائش پر والد اور مشہور ہندی کوی ہری ونش رائے بچن کی جانب سے انقلاب سریواستو کا نام رکھے جانے اور پھر اسکول میں داخلہ کے وقت امیتابھ بچن کا نام اختیار کرنے والے میگا اسٹار کی موجودہ عمر میں بھی مصروفیت اور بھرپور توانائی کے ساتھ کام کرنے کا حوصلہ واقعی قابل رشک ہے۔ 96 سالہ دلیپ کمار 1944 سے 1998 تک سرگرم رہے یعنی 54 سال۔ 1969 میں ’سات ہندوستانی‘ سے اپنا فلمی کریئر شروع کرنے والے بگ بی ابھی 4 سال پیچھے ہیں۔ تاہم ، 1998 میں یوسف صاحب کی عمر 76 سال تھی اور اب امیتابھ بچن کی عمر بھی 76 سال ہے۔ بالی ووڈ میں اور کوئی شخصیت جس نے نمایاں رول ادا کیا ہو، چاہے وہ ہیرو ہو یا ہیروئن یا ہدایت کار یا فلمساز یا کہانی نگار یا موسیقار یا گیت کار یا گلوکار یا گلوکارہ یا ویلن یا اور کوئی بھی یادگار کردار ادا کرنے والے ہوں .... لتا منگیشکر، دلیپ کمار اور امیتابھ بچن کے جتنی قابل رشک شاید نہیں ہوگی۔ 89 سالہ لتا جی 1942 میں محض 13 سال کی عمر سے ابھی تک بمبئی ممبئی کی فلمی صنعت میں کسی نہ کسی انداز میں سرگرم بتائی جاتی ہیں۔
امیتابھ بچن ٹی وی کوئز شو کے بی سی کا 11 واں سیزن پیش کررہے ہیں۔ جولائی 2000 میں شروع کردہ شو نے بگ بی کے لیے کریئر اور مقبولیت میں بہت بڑی تبدیلی لائی ہے، حالانکہ وہ پہلی بار ٹی وی پر کسی شو کے ساتھ نمودار ہوئے تھے۔ وہ دنوں میں بگ بی اپنی کمپنی ’امیتابھ بچن کارپوریشن لمیٹیڈ‘ کے دیوالیہ ہوجانے پر برے حالات سے گزر رہے تھے۔ ان کے لیے کے بی سی بڑا سہارا بن گیا اور انھیں دوبارہ شہرت کی بلندیوں کی طرف لے گیا۔ ابتدائی دو سیزن کے بعد کے بی سی والوں نے تیسرے کے لیے شاہ رخ خان کی شہرت کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی مگر وہ تو ناکام ہوئے ہی، شاہ رخ بھی اس معاملے میں غیرمتوقع طور پر وہی ہندوستانیوں کو کے بی سی ہوسٹ کی حیثیت سے پسند نہیں آئے جنھوں نے ان کو سوپر اسٹار بنایا ہے۔ چنانچہ چوتھے سیزن سے کے بی سی دوبارہ امیتابھ بچن سے جڑگیا اور اب تو دونوں ایک دوسرے کی شناخت بن چکے ہیں۔ کے بی سی کا 11 واں سیزن ہر پیر تا جمعہ رات 9 بجے 13 ہفتوں تک ٹیلی کاسٹ کرتے ہوئے65 ایپی سوڈ کا شیڈول بنایا گیا ہے۔