ایم اے سلام

بالی ووڈ کے دبنگ خان اپنے لاکھوں حیدرآبادی پرستاروں کے لئے 2 نومبر کو حیدرآباد کے لال بہادر اسٹیڈیم بشیر باغ میں اپنا لائیو کنسرٹ ”دبنگ دا ٹور 2019“ پیش کریں گے جس میں ان کے ساتھ بالی ووڈ کے ستارے سوناکشی سنہا، جیکلین فرنانڈیز، پربھودیوا، ایوش شرما، ڈیزی شاہ، گرورندھاوا، منیش پال اور کمال خان بھی ہٹ سوپر ہٹ گیتوں پر اپنے شاندار ڈانس سے یادگار، پرفارمینس دیں گے۔ بجرنگی بھائی جان کے اب تک کے حیدرآباد میں منعقد ہونے والے سب سے بڑے تاریخی لائیو کنسرٹ کو بین الاقوامی شہرت یافتہ بالی ووڈ اسٹارس ایونٹس پرموٹر مسٹر فرحت حسین (لندن) اور سگما انفراٹک کی جانب سے آرگنائز کیا جارہا ہے جس کا اسکرپٹ اور ڈائرکشن سہیل خان انٹرٹینمنٹ اور جے اے ایونٹس ’کی جانب سے دیا جارہا ہے۔

لندن، ہانگ کانگ، آکلینڈ ، ملبورن،امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا میں زبردست کامیابی کے ساتھ پیش کئے گئے اس ”دبنگ دا ٹور 2019“ کو سلمان خان اب حیدرآباد میں پیش کریں گے۔ اس لائیو کنسرٹ میں 35 سے 40 ہزار افراد کے شرکت کی توقع ہے۔ اب تک کے اس سب سے بڑے کنسرٹ کو حیدرآبادی برسوں بھلا نہ پائیں اس لئے اس میں فن، تفریح، میوزک اور ڈانس کے زبردست پرفارمینس دیکھے گئے ہیں۔ اس شو کے لئے بڑے پیمانے پر تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ کافی عرصہ بعد بالی ووڈ سوپر اسٹار سلمان خان کے حیدرآباد میں اپنے پروگرام کی پیشکشی کی خبروں نے ان کے حیدرآبادی مداحوں میں ہلچل مچاکر رکھ دی ہے۔ ذرائع کی مطابق شو کے آن لائن بکنگ کا بھی آغاز ہوچکا ہے۔

اس شو کے ٹکٹوں کے نام بھی سلمان خان کی فلموں کے ناموں پر رکھے گئے ہیں۔ اس کنسرٹ کو یادگار اور تاریخی بنانے کے لئے شو کے پرموٹرس کی جانب سے کوئی کسر چھوڑی نہیں جارہی ہے۔ بہرحال کنسرٹ کے تعلق سے اتنا ضرور کہا جاسکتا ہے کہ یہ مستقبل میں اپنے آپ میں برسوں بھلایا نہ جانے والا یادگار شو بنکر رہ جائے گا یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ حیدرآباد میں سلمان خان کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد ہے اور ان کی فلموں کی ریلیز کا یہاں عوام کو بے صبری سے انتظار رہتا ہے۔ سلمان خان کی فلم دبنگ 3 تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جو دسمبر میں ریلیز کی جارہی ہے۔

 


Find out more: