ایم اے سلام
ٹالی ووڈ میں بھی بائیوپکس کا سیزن زور پکڑتا جارہا ہے تلگو فلم انڈسٹری سے ملی تازہ خبر کے مطابق پروڈیوسرس ابھیشیک اگروال اور انیل سنکرا سابق صدر جمہوریہ اے پی جے عبدالکلام کی زندگی پر فلم بنانے جارہے ہیں اور اس کردار کے لئے انہیں موزوں اداکار کی تلاش تھی جو بالی ووڈ ایکٹر انیل کپور پر جاکر ختم ہوئی ہے۔ اس سلسلہ میں میکرز نے انیل کپور سے بات پوری کرلی ہے۔
یہ فلم مشہور مصنف راج چنگپا کی اے پی جے ابوالکلام پر لکھی کتاب ”ویپنس آف پیس“ پر بنائی جارہی ہے۔ انیل کپور جنہوں نے 24 دسمبر کو اپنی عمر کی 62 ویں سالگرہ منائی ہے۔ 12 سال کی عمر میں بطور چائلڈ آرٹسٹ 1971 میں بنی ششی کپور اسٹار ”توپائل میں گیت“ سے اپنے ایکٹنگ کیریئر کی شروعات کی تھی جو ریلیز نہیں ہو پائی۔
اس کے بعد انہوں نے 1979 میں ریلیز ہوئی امیش مہرہ کے ڈائرکشن میں بنی ”ہمارے تمارے“ سے بطور ہیرو بالی ووڈ میں کھاتہ کھولا تھا۔ یہی نہیں انیل کپور نے 1980 میں باپو کے ڈائرکشن میں بنی تلگو فلم ”ومشا ورکشم“ بھی کی تھی اور 1983 میں منی رتنم کے ڈائرکشن میں بنی ایک کنڑ فلم ”پلوی انوپلوی“ میں بھی مرکزی کردار کیا تھا۔ یہی نہیں انیل کپور نے اپنے 40 سالہ فلمی کیریئر میں کچھ انٹرنیشنل فلموں کے علاوہ ٹی وی سیریز بھی کئے ہیں۔ ان کی 2018 میں فنے خان ریلیز ہوئی اور اس سال ان کی دو فلمیں ”ٹوٹل دھمال“ اور ”ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا“ ریلیز کے لئے تیار ہے۔ وہ کرن جوہر کی میگابجٹ فلم ”تخت“ میں شاہجہاں کا رول بھی کررہے ہیں۔