ایم اے سلام

شاہ رخ خان کے ساتھ اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والی اداکارہ مہیما چودھری نے بالی ووڈ کی تقریباً 35 فلموں میں کام کیا۔ ان کی 1997 میں ریلیز ہوئی ڈبیو فلم ”پردیس“ نے بہترین کامیابی حاصل کی اس کے بعد بھی انہوں نے اپنی کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ مہیما چودھری اب 46 برس کی ہوگئی ہیں۔ 13 ستمبر 1973 کو مغربی بنگال کے دارجلنگ میں پیدا ہونے والی مہیما چودھری کا حقیقی نام رتو چودھری ہے۔

انہوں نے اپنا کیریئر اشتہاری فلموں سے شروع کیا تھا۔ سال 2000 میں آئی سوپر ہٹ فلم دھڑکن میں بھی انہوں نے معاون اداکارہ کا کام کیا تھا، لیکن سال 2006 میں شادی کے بعد انہوں نے فلموں سے دوری بنالی تھی۔ اب وہ پھر ایک مرتبہ فلموں میں داخلہ لے رہی ہیں۔ اس طرح ان کے کیریئر کی دوسری پاری ”ڈارک چاکلیٹ“ سے شروع ہونے والی ہے۔ یہ فلم شینا بورا قتل معاملہ پر مبنی ہے۔

اس فلم میں وہ شیناکی ماں اندرانی مکرجی کے کردار میں نظر آئیں گی۔ ان کی پچھلی قابل ذکر فلموں میں داغ دی فائر، کروکشیتر، دل کیا کرے، لجا، دیوانے، کھلاڑی 420، اوم جئے جگدیش، دل ہے تمہارا، سوتن، سینڈوچ اور باغباں شامل ہیں۔ واضح رہے کہ مہیما چودھری کا شو بز میں داخلہ شبھاش گھئی کی فلم پردیس سے ہوا تھا۔ اس فلم میں ان کے ہیرو شاہ رخ خان تھے۔ یہ فلم میں ان کے کام بہت پسند کیا گیا اور یہ فلم سوپر ہٹ ثابت ہوئی۔

 

 


Find out more: