ایم اے سلام
سلمان خان کی اپ کمنگ فلم دبنگ 3 کی شوٹنگ مکمل ہوچکی ہے۔ پچھلے دنوں سلمان نے فلم کے ریاپ اپ کی اطلاع ٹوئٹر پر شیر کرتے ہوئے اداکار ونود کھنہ کو خراج پیش کیا۔ دراصل فلم کے پچھلے دو حصوں میں ونود کھنہ نے سلمان خان کے والد پرجاپتی پانڈے کا کردار ادا کیا تھا۔ 27 اپریل 2017 کو ونود کھنہ کا انتقال ہوگیا۔ فلم کے تیسرے حصہ میں ان کے بھائی پرمودکھنہ کو پرجاپتی پانڈے کا رول دیا گیا ہے۔ 6 اکتوبر کو ونود کھنہ کی 73 ویں سالگرہ تھی ۔
سلمان نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیر کیا ہے۔ جس میں وہ ونود کھنہ کو یاد کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ یہ بہت خوشی کی بات ہے کہ دبنگ 3 کی شوٹنگ ونود کھنہ صاحب کی سالگرہ پر مکمل ہوئی۔ سلمان نے یہ بھی کہا کہ دبنگ 3 میں نے ونود کھنہ کے بھائی پرمود کھنہ ان کے والد کا رول کررہے ہیں۔ دبنگ 3 کا ڈائرکشن پر بھودیوانے کیا ہے یہ فلم 20 دسمبر 2019 کو ریلیز ہوگی۔ فلم میں سلمان خان پرمود کھنہ کے علاوہ سوناکشی سنہا، سائی منجریکر، سدیپ، ارباز خان اور ماہی گل کے بھی اہم کردار ہوں گے۔
واضح ہو کہ 2017 میں آئی فلم ”ایک تھی رانی ایسی بھی“ ونود کھنہ کے کیریئر کی بھی آخری فلم ثابت ہوئی۔ روہت شیٹی کی ہدایت میں بنی شاہ رخ خان اسٹار ”دل والے“ میں بھی انہیں دیکھا گیا جو 2015 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اپنے وقت کے سوپر اسٹار رہے ونود کھنہ نے فلمی دنیا میں ویلن کے طور پر داخلہ لیا تھا ۔ 1968 میں ان کی پہلی فلم ”من کا میت“ ریلیز ہوئی تھی لیکن ان کی حقیقی پہچان 1970 میں آئی فلم ”میرا گاوں میرا دیش“ سے ملی جس میں ونود کھنہ نے ڈاکو جبر سنگھ کا کردار کیا تھا۔ وہ 1998 سے 2009 اور 2014 سے 2017 تک گردش پور سے دکن پارلیمان بھی رہے۔