ایم اے سلام
آل راونڈر کرکٹر عرفان پٹھان اپنے کیریئر کی ایک نئی پاری شروع کرنے جارہے ہیں لیکن خاص بات یہ ہے کہ وہ یہ پاری کرکٹ میں نہیں بلکہ سلور اسکرین پر کرنے جارہے ہیں۔ خبر کے مطابق عرفان بڑے پردے پر قدم رکھنے جارہے ہیں۔ عرفان کے چاہنے والوں کے لئے یہ ایک بڑی خبر ہے کہ کرکٹ کے بعد اب کھلاڑی ایکٹنگ کالوہا منواتے نظر آئیں گے۔
عرفان کی یہ فلم تمل میں ہوگی، یعنی تمل زبان میں عرفان کیریئر کی شروعات کرنے جارہے ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ ابھی فلم کا نام فائنل نہیں ہوا ہے۔ اس فلم میں لیڈ رول ساوتھ کے سوپر اسٹار وکرم نبھاتے نظر آنے والے ہیں، لیکن فلم میں عرفان بھی اہم رول میں نظر آنے والے ہیں۔ عرفان کی اس فلم کا ڈائرکشن اجئے موتھو کریں گے۔ اس خبر کو خود اجئے نے شیر کیا ہے۔ انہوں نے ایک ویڈیو شیر کیا ہے جس میں عرفان کے کرکٹ کیریئر کو پیش کیا گیا ہے۔
اس کے پس منظر میں آئی پی ایل میچ کے دوران بجنے والی میوزک اور کامنٹری سنائی دے گی۔ عرفان نے اپنے کیریئر میں 173 میچس کھیلے ہیں اور 301 وکٹس لئے ہیں۔ ایسے میں اس زبردست کھلاڑی کو پردے پر دیکھنا خاص ہوگا۔ عرفان کی ڈبیو فلم ایکشن فلم ہونے والی ہے۔ اجئے نے خود بھی لکھا ہے کہ عرفان پٹھان کو نئے روپ میں پیش کرنے کا بے صبری سے انتظار ہے۔ اب وقت ہے کچھ شاندار ایکشن کا۔ ٹی وی پر پہلے بھی عرفان اپنا ڈبیو کرچکے ہیں لیکن بڑے پردے پر پہلی بار نظر آئیں گے۔ کرکٹ سے دوری اختیار کرنے کے بعد وہ اکثر کامنٹری کرتے نظر آتے ہیں۔ اتناہی نہیں عرفان جموں و کشمیر کرکٹ بورڈ سے بطور کوچ اور مانٹار بھی جڑے ہوئے ہیں۔ اتنا ہی نہیں کرکٹر ہربھجن سنگھ بھی بڑے پردے پر اپنا ڈبیو کررہے ہیں۔ وہ بھی تمل فلم میں نظر آنے والے ہیں۔