ہندوستانی فلمی دنیا کے بے مثال اداکار دلیپ کمار نے آج اپنی 97 ویں سالگرہ اپنے پرستاروں کے پیار و محبت کے جذبات سے مغلوب ہوکر آنسو بھری آنکھوں کے ساتھ منائی۔ محمد یوسف خان (فلمی نام۔ دلیپ کمار) اپنی عمر کی لگ بھگ نو دہائیاں عبور کرنے کے بعد سے علیل رہنے لگے اور ان تمام برسوں میں اُن کو ٹوٹ کر چاہنے والی شریک حیات سائرہ بانو نہ ہوتیں تو جانے دلیپ صاحب کی صحت کا کیا حال ہوتا؟ دعا ہے کہ یوسف خان اپنی عمر کی سنچری پوری کریں۔
بالی ووڈ کا آغاز 1930 کے دہے میں ہوا جب کئی برسوں تک خاموش فلموں کے تجربات کے بعد 1934 میں ہیمانشو رائے کے بمبے ٹاکیز سے انڈین سنیما کو فروغ حاصل ہوا۔ تب سے آج تک بیس بیس، پچیس پچیس سال کے وقفوں سے کوئی نہ کوئی اداکار سب میں منفرد ثابت ہوا اور پردہ سیمیں پر چھایا رہا۔ دلیپ صاحب کی انفرادیت یہ ہے کہ 1944 میں اپنی پہلی فلم ’جوار بھاٹا‘ سے ہی انھوں نے اپنی عمدہ اداکاری کے نقوش چھوڑے جو تقریباً چھ دہائیوں تک نمایاں رہے اور شاید ہی ایسا دور آیا جب دلیپ صاحب کی فلمی صنعت میں مانگ ماند پڑی ہو۔ ان کے دور میں ’سوپر اسٹار‘ کا ٹائٹل نہیں تھا مگر باوقار فلم فیئر ایوارڈ کافی غیرجانبداری سے دیا جاتا تھا۔ اس ایوارڈ کو دلیپ صاحب نے سب سے زیادہ جیتا ہے۔ اس لئے انھیں کسی اعتراض کے بغیر سوپر اسٹار اور لجنڈری ایکٹر کہا جاسکتا ہے۔ شاید اسی لئے ان کو چاہنے والوں میں نہ صرف فلم بین اور شائقین ہیں بلکہ خود بالی ووڈ کے ٹاپ اسٹارس جیسے امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان شامل ہیں، جو اپنے کریئر میں ان کے نقش قدم پر چلتے رہے ہیں۔
آج سالگرہ کے موقع پر اپنے بے شمار پرستاروں سے کافی محبت، احترام اور اپنی بہتر صحت کیلئے دعائیں اور نیک تمنائیں پاکر دلیپ صاحب کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ انھوں نے اپنی ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔ وہ گلابی رنگ کے شرٹ میں ملبوس اور صوفہ پر بیٹھے ہمیشہ کی طرح ہینڈسم دکھائی دے رہے ہیں ۔ انھوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جشن منانا ضروری نہیں۔ آپ تمام کی بے پناہ محبتیں، شفقت اور دعائیں میری آنکھیں نم کرچکی ہیں۔
دلیپ صاحب کی شریک حیات اور خوبصورت اداکارہ سائرہ بانو پوری ازدواجی زندگی میں اپنے شوہر کا سہارا بنی رہی ہیں۔ انھوں نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ اپنی امی (نسیم بانو) اور یوسف صاحب کا بے حد احترام کرتی ہیں۔ ’صاحب‘ کیلئے میری چاہت و محبت کو لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ میں شروع دن پہلی نظر سے ہی فریفتہ ہوگئی۔ ہماری محبت سدا رہے گی۔
٭٭٭