ایم اے سلام
کارتک آرین اور سارا علی خان کی رومانٹک ڈرامہ فلم ”لو آجکل“ پچھلے کافی عرصہ سے خبروں میں تھی ویلنٹائن ڈے کے موقع پر یہ فلم ریلیز ہو گئی۔ فلم کو کریٹکس اور شائقین کا ملا جلا ردعمل مل رہا ہے حالانکہ فلم کی اوپننگ اچھی رہی تھی، لیکن ریلیز کے دوسرے ہی دن یہ باکس آفس پر اوندھے منہ گری ہے۔ فلم نے اپنے پہلے ہی دن 11.75 کروڑ روپیوں کا زور دار بزنس کیا تھا۔ باکس آفس کی رپورٹ کے مطابق دوسرے دِن فلم کے بزنس میں 40 فیصد کی گراوٹ آئی اور اس نے باکس آفس پر صرف 7 کروڑ کا بزنس کیا ہے جو امید سے کافی کم ہے۔
ریلیز ہونے کے دوسرے ہی دن فلم ڈبل ڈجیٹ میں کمائی بھی نہیں کرسکی رپورٹ میں آگے کہا گیا ہے کہ جب فلم ایک لمیٹیڈ آئیڈیاز کے لئے بنتی ہیں تو اسے وہ لمیٹیڈ آڈینس بھی پسند نہیں کرتے ہیں۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ پہلے دن کا فلم کا بزنس بھی ویلنٹائن ڈے کی وجہ سے ہوا تھا۔ آگے آنے والے دنوں میں فلم کے بزنس میں اور گراوٹ آنے کی خبریں ہیں۔
ڈائرکٹر امتیاز علی نے اپنی اس فلم سے متعلق کافی بلند بانگ دعوے کئے تھے۔ انہوں نے اپنی اس فلم کے ہیرو کارتک آرین کا تقابل شاہ رخ سے کیا تھا۔ کارتک آرین اور سارا علی خان اسٹار یہ فلم امتیاز علی کی سال 2009 میں ریلیز ہوئی فلم ”لو آجکل“ کا سیکویل ہے جس میں سیف علی خان اور دیپیکا پڈوکون نے مرکزی کردار نبھائے تھے۔ اس فلم نے اچھا بزنس کیا تھا لیکن امتیاز علی کو اس کے سیکویل کا عوام کی جانب سے اتنا رسپانس نہیں مل سکا اور انہوں نے جو امیدیں لگائی تھیں وہ پوری نہ ہوسکیں۔