میتھالی دورائے راج نے 2021 او ڈی آئی ورلڈ کپ میں اپنی بہترین توانائی کے ساتھ کھیلنے کی خاطر ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ سے سبکدوشی اختیار کرلی ہے۔ انھوں نے منگل کو اپنے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ 50 اوور والا ٹائٹل جیتنے کے اپنے ”خواب“ کی تکمیل پر توجہ مرکوز کرنا چاہتی ہیں۔ کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے صحافتی بیان میں حیدرآبادی میتھالی نے کہا: ” 2006 سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلس میں انڈیا کی نمائندگی کرنے کے بعد میں اس مختصر ترین فارمٹ سے ریٹائر ہونے کی خواہش مند ہوں تاکہ میری توانائیوں کو نیوزی لینڈ میں 2021 کے ونڈے ورلڈ کپ کے لیے خود کو تیار کرنے پر مرکوز کرسکوں۔“


گزشتہ ہفتے کی بات ہے کہ میتھالی نے نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا تھا کہ وہ جنوبی افریقا کے خلاف آنے والے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلس کھیلنے کے لیے ”بلاشبہ دستیاب“ ہیں، لیکن سوالات اٹھ رہے تھے کہ آیا انڈین ویمنس ٹیم کو 36 سالہ میتھالی ہنوز درکار ہے یا نہیں؟ تاہم، آخرکار میتھالی نے درست فیصلہ کیا ہے۔ اس طرح وہ اپنے 20 سالہ کریئر کو مزید طوالت دے سکتی ہیں۔ سابق انڈیا کیپٹن شانتا رنگاسوامی نے میتھالی کے فیصلے کی تعریف کی ہے۔ 65 سالہ رنگاسوامی جنھوں نے 16 ٹسٹ میچز کھیلے، انھوں نے میتھالی کی ونڈے فارمٹ کے لیے بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مختصر ترین طرز کی کرکٹ میں بہت توانائی صرف ہوتی ہے۔ میتھالی کے لیے اب ونڈے کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنا بہتر رہے گا۔ سوشل میڈیا پر سابق کھلاڑیوں کے مبارکبادی پیامات بھی آنے لگے ہیں۔ آسٹریلیائی لیزا استھالیکر اور سابق انڈیا انٹرنیشنل انجم چوپڑہ نے ویٹرن بیٹس وومن کو سراہا کہ اُن کا اس کھیل کے لیے بہت بڑا حصہ رہا ہے۔ 


میتھالی کو ویمنس کرکٹ کی سچن تنڈولکر قرار دیا جائے تو بیجا نہ ہوگا۔ دونوں کے کریئرس میں کافی مماثلت ہے۔ دونوں نے 18 سال کی عمر سے پہلے انٹرنیشنل کریئر شروع کیا اور بیٹنگ کے کئی ریکارڈز بنائے۔ میتھالی نے ٹی ﺅنٹی فارمٹ میں اپنا کریئر انڈیا کی ٹاپ اسکورر کی حیثیت سے ختم کیا۔ انھوں نے 2364 رنز 37.5 کی اوسط سے بنائے اور 97 ناٹ آوٹ اعظم ترین اسکور رہا۔ میتھالی نے 32 میچز میں ہندوستانی ٹیم کی کپتانی بھی کی، جن میں 2012، 2014 اور 2016 ورلڈ کپ ٹورنمنٹس کے مقابلے شامل ہیں۔


انڈین ایئر فورس میں ایئرمین (وارنٹ آفیسر) دورائے راج اور لیلا راج کے ہاں 3 ڈسمبر 1982ءکو جودھپور، راجستھان میں جنم لینے والی میتھالی نے حیدرآباد کے کیز ہائی اسکول فار گرلز، سکندرآباد اور کستوربا گاندھی جونیئر کالج فار ویمن، ویسٹ ماریڈپلی (سکندرآباد) میں پڑھائی کی۔ دائیں ہاتھ کی بلے باز میتھالی جو رائیٹ آرم لیگ بریک بولنگ بھی کرسکتی ہیں، انھوں نے اپنے ٹسٹ کریئر کا آغاز 14 جنوری 2002 کو انگلینڈ کے خلاف کیا اور 55 ٹسٹ کھیلے ہیں۔ قبل ازیں اُن کا انٹرنیشنل کریئر 26 جون 1999 کو آئرلینڈ کے خلاف او ڈی آئی میچ سے ہوا تھا۔ وہ 60 ونڈے میچز کھیل چکی ہیں۔ میتھالی راج کو 2003 میں ارجن ایوارڈ اور 2015 میں ہندوستان کا چوتھا اعلیٰ ترین سیویلین ایوارڈ ’پدما شری‘ سے نوازا جاچکا ہے۔ امید ہے حیدرآبادی اسٹار یکسوئی کے ساتھ محنت کرتے ہوئے ورلڈکپ کی اچھی تیاری کریں گی اور نیوزی لینڈ میں اچھا مظاہرہ بھی پیش کریں گی۔

Find out more: