اسٹیٹ بینک آف انڈیا ملک کا سب سے بڑا قرض دہندہ بینک ہے۔ اس بینک سے آبادی کی بڑی تعداد مختلف اغراض کے ساتھ وابستہ ہے۔ کئی لوگ قرض لیتے ہیں، کئی لوگ متعین مدت کے لیے رقم جمع کراتے ہیں (یعنی فکسڈ ڈپازٹ)، بزنس والوں کے (کرنٹ) کھاتے ہوتے ہیں، عام لوگوں کے بچت (سیونگ) والے اکاونٹس ہوتے ہیں۔ یہ واضح رہے کہ بینک بنیادی طور پر سود کے بل بوتے پر کام کرتا ہے۔ دنیا بھر میں کہیں کہیں بلاسودی بینک بھی کام کررہے ہیں لیکن وہ ابھی عام نہیں ہوئے ہیں۔
ایس بی آئی نے گزشتہ روز فکسڈ ڈپازٹس (ایف ڈیز) پر سود کی شرحوں میں کٹوتی کردی۔ یہ ایف ڈیز انکم ٹیکس کی بچت والی ہیں۔ ایس بی آئی ایف ڈی شرحوں پر انٹرسٹ ریٹ میں نمایاں کمی مالی نظام میں شرح سود میں گراوٹ کے درمیان کی گئی ہے۔ایف ڈی شرحوں پر نظرثانی تمام اقسام کے ڈپازٹس کے لیے کی گئی ہے، جو 45 یوم سے دس سال تک ہوسکتے ہیں۔ سات یوم تا 45 یوم میں مکمل ہوجانے والے ایف ڈیز پر ایس بی آئی نے شرح سود کو 5.75 فی صد سے گھٹا کر 5.00 فی صد کردیا ہے۔
بینک نے 46 تا 179 یوم کی مدت والے ڈپازٹس کے لیے شرح سود گھٹا کر 5.75 فی صد کردی ہے، جو پہلے 6.25 فی صد تھی۔ 180 دنوں تا 210 یوم کے معاملے میں شرح سود 10 اساسی پوائنٹس کم کی گی ہے۔ اب بینک 6.25 فی صد کی شرح سود ادا کرے گا۔
مختصر مدتی ڈپازٹس جو 211 یوم سے اندرون ایک سال کی مدت کے ہوں، ان کے لیے ایس بی آئی نے شرح سود 6.40 فی صد سے 6.25 فی صد کردی ہے۔ اوسط مدتی ڈپازٹس جو ایک سال سے اندرون دو سال کی مدت کے ہوں، ان کے لیے اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے سود کی شرحوں میں 20 اساسی نشانات کی کٹوتی کی ہے۔ اب یہ ڈپازٹس پر 6.80 فی صد شرح سود حاصل ہوگا۔ ایس بی آئی نے اپنے طویل مدتی ڈپازٹس (دو سال تا اندرون تین سال) کے لیے شرح سود 5 بیس پوائنٹس گھٹاتے ہوئے نئی شرح 6.70 فی صد مقرر کی ہے۔ تین سال سے اندرون پانچ سال میں مکمل ہونے والے ایف ڈیز کے لیے ایس بی آئی 6.70 فی صد کے بجائے اب 6.60 فی صد انٹرسٹ ریٹ دے گا۔ اسی طرح پانچ سال تا دس سال کے معاملے میں ڈپازٹس پر شرح سود 6.60 فی صد سے 6.50 فی صد کردی گئی ہے۔
ایس بی آئی کی ویب سائٹ کے مطابق یہ نظرثانی شدہ شرحیں تمام اقسام کے ڈپازٹس کے لئے یکم اگست 2019 سے قابل اطلاق ہوں گے۔ ایس بی آئی نے قبل ازیں بعض میچورٹیز پر شرح سود میں تبدیلی 9 مئی 2019 سے عمل میں لائی تھی۔ کئی دیگر بینک بھی فینانشل سسٹم میں شرح سود میں گراوٹ اور فاضل رقم کی موجودگی کے سبب فکسڈ ڈپازٹس پر سود کی شرحوں میں کٹوتی کرتے آرہے ہیں۔ ایچ ڈی ایف سی بینک، ایکسیس بینک، پی این بی، بی او بی، اور کوٹک مہندرا و دیگر نے اِس ماہ اپنے فکسڈ ڈپازٹ شرحوں پر نظرثانی کی ہے۔


Find out more:

sbi